لاہور میں پولیس مقابلہ: انتہائی خطرناک شوٹر ملزم رفیق عرف پھیکی مارا گیا

Published On 15 January,2025 12:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) آرگنائزڈکرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق پنجاب میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا قتل، اغوا برائے تاوان، اقدام قتل، بھتہ خوری، ڈکیتی میں مطلوب انتہائی خطرناک شوٹر ملزم رفیق عرف پھیکی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق نامعلوم ملزموں نے اپنے زیر حراست ساتھی شوٹر کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، یاد رہے کچھ سال قبل ہلاک ملزم نے رحمان گارڈن کے باہر 6 شہریوں کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

مقتولین کے ورثا نے ملزم کے خوف سے مقدمہ اپنے مخالفین پر درج کروا دیا تھا، کچھ عرصہ قبل ہلاک ہونے والے ملزم نے شیخوپورہ کے علاقہ میں بھی ایک شہری کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا، ملزم نے شہری کو قتل کرنے کے بعد ورثاء کو نعش کے بدلے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا، رقم نہ ملنے پر سفاک ملزم نے نعش کو نہر میں پھینک دیا تھا۔

ڈی ایس پی چودھری فیصل شریف نے بتایا کہ ملزم انتہائی خطرناک تھا جس کے خوف سے لوگ اس کے خلاف کارروائی کروانے سے ڈرتے تھے جبکہ نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔