گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی کارروائی، یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 2 ملزم گرفتار کر لئے۔
گرفتار ملزموں کی عمران شکور اور ظفر اقبال کے نام سے ہوئی، ملزموں کو کھاریاں اور منڈی بہاؤالدین کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزم عمران شکور یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے، ملزم عمران شکور کو پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث گینگ کا مرکزی ایجنٹ ہے، ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ احسن علی کو یورپ بھجوانے کے لئے 45 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے متاثرہ کو لیبیا میں سیف ہاوسز میں رکھا۔
ملزموں نے بعد ازاں متاثرہ کو زبردستی کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ احسن علی کی موت واقع ہوئی، متاثرہ احسن علی کا تعلق جلال پور جٹاں سے ہے، ملزم کے موبائل فون سے انسانی سمگلنگ سے متعلق اہم شواہد برآمد ہوئے۔
اشتہاری ملزم ظفر اقبال شہری کو اٹلی ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہے، ملزم نے شہری سے مجموعی طور پر 7 لاکھ روپے بٹورے، ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا۔
ملزموں کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، انٹیلی جنس بنیادوں پر انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔