قصور: (دنیا نیوز) قصور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہری بلال احمد نے پولیس ہیلپ لائن نمبر 15 پر کال کی اوربتایا کہ چار ڈاکوؤں نے اس سے موٹرسائیکل چھین لی ہے، پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو اس دوران قبرستان دائم الحضوری کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دیگر تین ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ زخمی ڈاکو رشید عرف بیٹری کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہی وہ دم توڑ گیا۔