اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمرے کی غرض سے سعودی عرب جانے والے مسافروں سے کینیڈا کے جعلی ویزے برآمد کرلیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی غرض سے سعودی عرب جانے والے 4 مسافر آف لوڈ کیے، مسافروں سے کینیڈا کے جعلی ویزے برآمد کر لئے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسافروں کی شناخت محمد شریف، محمد شفیق ، محمد عدنان اور محمد خلیل کے نام سے ہوئی، مسافروں کا تعلق خوشاب سے ہے۔
بیان کے مطابق مسافر فلائٹ نمبر SV727 کے ذریعے سعودی عرب جارہے تھے، مسافر عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، دوران تلاشی مسافروں کے قبضے سے کینیڈا کے جعلی ویزے برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔