لڑکی ونی کیس: 5 ملزم گرفتار، 2 نے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی

Published On 12 March,2025 05:42 pm

ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) لڑکی ونی کیس میں 5 ملزم گرفتار کر لئے گئے، 2 ملزموں ملک عنایت اللہ اور رمضان نے ضمانت قبل از گرفتاری کر الی۔

ایس پی کے مطابق لڑکی کے والد کے پوسٹ مارٹم کے لئے عدالت نے اجازت دی ہے، پولیس کا کام تفتیش کا ہے اس میں کوتاہی نہیں برتی جائے گی، اس کیس میں راضی نامہ نہیں ہوسکتا، ملزموں سے تفتیش میں ہم نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ جس موبائل میں آڈیو ریکارڈ ہوئی تھی اس کو فارنزک کیلئے بھجوا دیا ہے، جو تین ملزم پولیس کی کسٹڈی میں تھے ان کو پرسوں کورٹ میں پیش کریں گے۔

ایس پی نے بتایا کہ لڑکی کے اہل خانہ نے سارے معاملے کا کسی سے ذکر تک نہیں کیا، پولیس کی طرف سے کوئی کوتاہی نہیں برتی گئی، مرکزی ملزم کو موقع پر گرفتار کیا گیا، قانون سب کے لئے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع پولیس کو ملی تھی، متوفی کے لواحقین کی طرف سے کوئی رپورٹ درج کرانے تک نہیں آیا، مقدمہ ایس ایچ او پہاڑ پور کی مدعیت میں درج ہوا ہے۔