کراچی: لوٹ مار کے دوران شہری کی جوابی فائرنگ، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا فرار

Published On 28 March,2025 11:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے لیاری میں شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو شہری نے جوابی فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

بغدادی کے علاقے لیاری سیفی مسجد کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شہری کی فائرنگ سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گیا، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال پہنچائی گئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مارے جانے والے مبینہ ڈاکو کی شناخت 30 سالہ نزاکت علی ولد محمد علی کے نام سے کی گئی، ہلاک ہونے والا ملزم بلوچستان کے علاقے ویندر شامیانی لاکڑا لیاری کا رہائشی تھا۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار شلوار قمیض پہنے دو ڈاکو بغدادی کے رہائشی ایک نوجوان سے اس کے عید کے کپڑے اور موبائل فون چھین رہے تھے اسی دوران نوجوان نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی خوش قسمتی سے نوجوان ملزمان کی فائرنگ سے بچ گیا۔

اسی دوران ایک نامعلوم شہری نے فائرنگ کی جس کے نیتجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی جو اسلحہ سے لیس تھا اور پیدل ہی فرار ہوگیا، نوجوان کی عید کے کپڑے اور موبائل فون بھی اپنے ہمراہ لے گیا۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی زیر استعمال موٹرسائیل تحویل میں لے لی ہے اور ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کی تلاش شروع کر دی۔