کراچی: (دنیا نیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے شادی کے نام پر پنجاب سے لڑکی بلا کر زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم عبداللہ کو مجموعی طور پر 13 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے مجرم عبداللہ پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا، عدالت نے مفرور ملزم امیر خان کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے۔
سرکاری وکیل کے مطابق عبداللہ کی فون پرمتاثرہ لڑکی سے دوستی ہوئی تھی، عبداللہ نے 6 ہزار روپے بھیج کر متاثرہ لڑکی کو پنجاب احمد پور سے کراچی بلوایا تھا۔
متاثرہ لڑکی 18 جولائی 2023 کو کراچی کینٹ سٹیشن پہنچی، جہاں سے عبداللہ اسے کوئلہ گودام کے علاقے لے گیا اور ملزموں نے 12 دن تک متاثرہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
سرکاری وکیل کے مطابق متاثرہ لڑکی کے شورشرابے پر چاکیواڑہ پولیس نے لڑکی کو بازیاب کروایا تھا، ملزم کو پولیس نے کینٹ سے گرفتار کیا تھا۔