چارسدہ: کار پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق، محکمہ صحت کا ملازم زخمی

Published On 30 April,2025 09:38 am

چارسدہ: (دنیا نیوز) نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ محکمہ صحت کا ملازم شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق چارسدہ کے علاقے غنی خان روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ محکمہ صحت کا ملازم شدید زخمی ہوگیا۔

شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت فاروق کے نام سے ہوئی ہے، جو نیب آفس میں ڈیوٹی پر تعینات تھا، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی نعش اور زخمی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔