راولپنڈی:(دنیا نیوز) جڑواں شہروں کے علاقے فیض آباد میں ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد پولیس کا اے ایس آئی اور اہلکار شہید ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہید پولیس آفیسر کا نام سدھیر احمد عباسی اور سپاہی جعفر جہانگیر ہے، واقعہ فیض آباد میٹروسٹیشن کے پاس پیش آیا، جہاں سی آئی اے اسلام آباد پولیس کی ٹیم ڈکیتوں کی گرفتاری کے لیے پیچھا کررہی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار جان کی بازی ہار گئے، پولیس کی بھاری نفری نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائےگا۔