گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ ججہ گینگ کا اہم ملزم گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم آصف علی ججہ کو سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم عثمان ججہ کا قریبی رشتے دار ہے، ملزم یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے اور گزشتہ کئی ماہ سے روپوش تھا۔
ملزم آصف ججہ نے متعدد شہریوں کو کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی، کشتی کو حادثے پیش آیا جس میں نوجوان جاں بحق ہوگئے، گرفتار ملزم ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ کو 4 مقدمات میں مطلوب تھا۔
گرفتار ملزم نے متعدد متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیائے، ملزم نے مجموعی طور پر 1 کروڑ 23 لاکھ روپے بٹورے، گرفتار ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا حصہ ہے، گرفتار ملزم نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر شہریوں کو یونان بھجوانے کی بھی کوشش کی۔
ترجمان کے مطابق جعلی دستاویزات پر شہریوں کو یواے ای امیگریشن نے گرفتار کر کے واپس پاکستان ڈیپورٹ کر دیا، ملزم کو گرفتارکر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔