گوجرانوالہ:(دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مراکش کشی حادثے میں ملوث اشتہاری انسانی سمگلر گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کی کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گوجرانوالہ زون نے کارروائی کے دوران انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت وقار ظفر اقبال کے نام سے ہوئی، ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو سپین براستہ ایتھوپیا، سینیگال اور موریطانیہ بھجوانے کی کوشش کی۔
ملزمان کی جانب سے شہریوں کو پہلے موریطانیہ بھجوایا گیا، ملزمان نے اس کے بعد دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرین کو کشتی کے ذریعے سپین سمگلنگ کی کوشش کی، کشتی کو مالٹا کے قریب حادثہ پیش آیا، جس میں شہری کی موت واقع ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے متاثرہ شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کےلئے اہلخانہ سے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔