خیرپور: (دنیا نیوز) کچے کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، پولیس نے کارروائی کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی سربراہی میں ضلع بھر کی پولیس متحرک ہے، ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔
کارروائیوں میں کیٹی پیر پگارا، پیر گوٹھ اور گمبٹ سب ڈویژنز کی پولیس نفری شریک ہے، جرائم پیشہ افراد کے محفوظ ٹھکانے مسمار اور کمین گاہوں کو نذرِ آتش کیا گیا۔
ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کہا کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے مکمل پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔



