شورکوٹ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ملزم ہلاک، 2 فرار

Published On 26 December,2025 09:23 am

جھنگ:(دنیا نیوز) شورکوٹ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارے گئے، دورانِ گشت چار موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے بعد پولیس نے تعاقب کیا تو ملزمان کماد کی فصل میں چھپ گئے۔

پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران دو ملزمان مردہ حالت میں پائے گئے، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کی شناخت طاہر اور جابر کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے تاہم واقعے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔