خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے ساتھ مقابلوں میں چھ زخمیوں سمیت سات ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان رینجرز سندھ اور سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے نارتھ کراچی میں مشترکہ کارروائی کی، ملزمان نے رینجرز اور پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، رینجرز اور پولیس کی جوابی کارروائی میں دو زخمیوں سمیت تین بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
پاکستان بازار پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ساتھی موقع سے فرار ہو گیا، ملزم کے قبضے اسلحہ اور نقد رقم برآمد کر لی۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس نے دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ملزم کے قبضے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
اورنگی ٹاون پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ، چار موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔
گارڈن پولیس نے چڑیا گھر کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، ملزم کا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔