کرائم
خلاصہ
- اٹک: (دنیا نیوز) پنجاب کے شہر اٹک میں کروڑوں روپے مالیت کے کروڈ آئل کی چوری کا نیٹ ورک پکڑا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان نے رانیال کے علاقے میں کروڈ آئل چوری کرنے کے لیے زیرِ زمین 181 فٹ طویل سرنگ کھود رکھی تھی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے سرنگ کے ذریعے کھوڑ سے آنے والی کروڈ آئل کی پائپ لائن میں کٹ لگا کر اپنی الگ لائن نصب کر رکھی تھی، جس کے ذریعے کروڈ آئل چوری کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے کہا کہ چوری کیے گئے تیل کی مالیت تقریباً اڑھائی کروڑ روپے جبکہ مقدار 1100 بیرل بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب آئل ریفائنری کی مانیٹرنگ ٹیم نے کروڈ آئل چوری کا سراغ لگایا، جس کے بعد معاملے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی گئی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ دھمیال میں سات افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جب کہ پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔