پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی آج 53 ویں سالگرہ ہے

Last Updated On 03 April,2018 11:50 am

نازیہ حسن نے پاکستان میں پاپ گلوکاری کے فن کو نئی جہت سے روشناس کرایا ، بھائی کے ساتھ جوڑی بہت مقبول ہوئی

لاہور (دنیا نیوز ) پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کی آج 53 ویں سالگرہ ہے۔ لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی گلوکارہ زندہ ہوتیں تو آج تریپن برس کی ہوتیں۔ گوگل ڈوڈل نے بھی نازیہ حسن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پاکستان میں پہلی بار پاپ موسیقی متعارف کرانے والی سریلی آواز کی مالک نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، ان کا شمار برصغیر میں پاپ میوزک کے بانیوں میں کیا جاتا ہے۔

گوگل نے بھی ان کی یاد میں ڈوڈل جاری کر دیا، دلفریب انداز، سریلی آواز اور پاپ موسیقی کی بے تاج ملکہ نازیہ حسن آج بھی وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ بھارتی فلم میں گائے ان کے گیت نے انہیں پندرہ برس کی عمر میں ہی شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ نازیہ کے کئی البم اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ جاری ہوئے۔ ان کے پہلے میوزک البم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے جس کے بعد ان کے البم بوم بوم، ینگ ترنگ، ہاٹ لائن اور کیمرہ کیمرہ نے انہیں بام عروج پر پہنچا دیا۔

انہوں نے 1995 میں شادی کی اور سنہ 2000 میں سرطان سے وفات پاگئیں، حکومت پاکستان نے انہیں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔