پانچ سو روپے لے کر ممبئی آنے والی اداکارہ آج کروڑوں کی مالک

Last Updated On 02 April,2018 09:02 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) فلم باغی 2 سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ دیشا پٹانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جب ممبئی میں اپنے خوابوں کو سچ کرنے آئیں تو ان کے پاس صرف 500 روپے تھے۔

ایک انٹرویو کے دوران دیشا پٹانی نے بتایا کہ ان کا تعلق کسی فلمی گھرانے سے نہیں ہے، وہ ایک عام انڈین فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، اس لیے انھیں بالی ووڈ میں کام کیلئے بہت تگ و دو کرنا پڑی۔ دیشا نے بتایا کہ وہ جب اپنے خوابوں کے پیچھے بھاگتے ممبئی آئیں تو ان پاس محض 500 روپے تھے۔

دیشا پٹانی کا کہنا تھا کہ انھیں کئی بار مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ شروعات میں انھیں متعدد فلمسازوں نے ناصرف مسترد کیا بلکہ اکثر ایسا ہوا کہ انھیں فلم میں کام کرنے کی آفرز کی گئیں لیکن بغیر وجہ بتائے نکال دیا گیا۔ تاہم بالی ووڈ کی نئی اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے ان ناکامیوں سے سیکھا اور خود کو مضبوط بنایا۔

خیال رہے کہ دیشا پٹانی بالی ووڈ کے ماچو مین ٹائیگر شیروف کے ہمراہ باغی 2 میں جلوہ گر ہوئی ہیں، اس فلم نے راتوں رات انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ فلم کے ابتدائی نتائج کے مطابق باغی 2 نے محض تین دنوں کے اندر باکس آفس کے ریکارڈز توڑتے ہوئے 73 کروڑ روپے کما لیے ہیں۔

واضح رہے کہ باغی 2 دیشا پٹانی کی تیسری فلم ہے، اس سے قبل وہ سابق بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم ’’ایم ایس دھونی؛ ان کہی کہانی‘‘اور’’کنگ فو یوگا‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ محض 500 روپے لے کر ممبئی آنے والی دیشا پٹانی کا شمار آج بھارت کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہو رہا ہے۔