دپیکا، رنویر کا رواں سال کے اختتام پر شادی کا فیصلہ

Last Updated On 31 March,2018 08:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسے تو یہ خبریں گزشتہ چند سال سے جاری ہیں کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ جلد ہی شادی کا اعلان کریں گے، تاہم ان چہ مگوئیوں میں گزشتہ 2 ماہ سے تیزی آ گئی ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی کے بعد دپیکا پڈوکون کی سالگرہ کے موقع پر یہ خبریں آئی تھیں کہ رنویر سنگھ اور ’پدماوت‘ ہیروئن نے پڑوسی ملک ’سری لنکا‘ میں خفیہ شادی کرلی تاہم یہ افواہیں ہی نکلیں۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ نے رواں سال شادی کا فیصلہ کرلیا، دونوں شخصیات ستمبر سے دسمبر کے درمیان ازدواجی بندھن میں بندھ جائیں گے۔ بھارتی ویب سائٹ ممبئی مرر کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا رواں برس کے آخر میں شادی کر رہے ہیں، جس میں پورے ہندو رسوم و رواج ادا کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں کے اہل خانہ نے گزشتہ ہفتے ملاقات کی اور شادی کی تقریبات کے حوالے سے معاملات طے کیے، جس کے دوران شادی کی تاریخ ستمبر سے دسمبر کے درمیان طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اہل خانہ نے شادی کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں جبکہ شادی کی تقریبات بھارت میں یا بیرون ملک منعقد کرنے کے حوالے سے غور کیا جارہا ہے۔

رنویر اور دپیکا کی شادی میں رشتہ داروں کے علاوہ صرف قریبی دوستوں کو مدعو کیا جائے گا اور انہیں میڈیا سے دور رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔