لاہور (دنیا نیوز) سوشل میڈیا پر آئے روز شوبز سے وابستہ لوگ کسی نہ کسی بات پر تنقید کا نشانہ بنتے رہتے ہیں، مگر پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ کو اس وقت سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے فیس بک پر اپنی چند تصاویر کے ساتھ بھارت کے نامور رہنما مہاتمہ گاندھی کا ایک قول پوسٹ کر دیا۔
اپنی پوسٹ میں گھوڑوں کے ساتھ لی گئی تصاویر شئیر کرتے ہو ئے رابی پیرزادہ نے مہاتمہ گاندھی کا قول لکھ دیا جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے "کسی بھی قوم کی عظمت اور اس کی اخلاقی برتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ جانوروں کے ساتھ کیسا سلوک کرتی ہے۔"
چند لوگوں نے اپنی رائے میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہندو رہنما کے قول کا حوالہ کیوں دیا گیا جبکہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو غیر انسانی سلوک کیا جاتا ہے وہ ہر کسی کے سامنے ہے۔ ایک اور صاحب نے سوال کیا کہ کیا مہاتمہ گاندھی بہت عظیم انسان تھے؟َ
مداہوں کے ملے جلے تاثرات پر وضاحت پیش کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے لکھا کہ تمام نفرت کرنے والوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ گاندھی کی جانب سے کہی گئی کچھ ایسی باتیں ضرور ہیں جنہیں ہمیں غور سے سننا چاہیئے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کسی شخص کی کہاوت لکھ دینے سے وہ غیرمسلم نہیں ہو جائیں گی۔
رابی پیرزادہ نے مزید لکھا کہ حضرت علی فرماتے ہیں کہ یہ مت دیکھو کہ کون کہہ رہا ہے، یہ دیکھو کہ کیا کہہ رہا ہے۔