ٹائیگر کی باغی ٹو نے ریلیز کے پہلے روز ہی 25 کروڑ کما لیے

Last Updated On 31 March,2018 04:39 pm

ممبئی: ( آن لائن ) بولی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ وہ آنے والے وقت کے کامیاب اداکار ثابت ہوں گے تو شاید غلط نہ ہوگا، کیوں کہ انہوں نے اپنی فلم باغی 2 کی ریلیز کے بعد یہ ثابت کردیا کہ وہ کسی اور ایکشن ہیرو سے کم نہیں۔

 احمد خان کی ہدایات میں بننے والی فلم باغی 2 گزشتہ روز سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، جس نے اپنی اوپنگ پر ہی باکس آفس پر دھماکے دار کامیابی حاصل کرلی۔ فلم نے ریلیز کے پہلے روز 25 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کما لیے، جبکہ رواں سال ریلیز ہونے والی کامیاب فلم پدماوت کی پہلے دن کی کمائی کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔ خیال رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی فلم پدماوت نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 24 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے تھے۔

ٹائیگر شروف کی فلم باغی 2 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم باغی کا سیکوئل ہے۔ان دونوں فلموں میں ٹائیگر شروف کے ایکشن کو خوب پسند کیا گیا، جبکہ فلم باغی 2 کو ملا جلا ردعمل موصول ہو رہا ہے۔ فلم باغی میں ٹائیگر شروف کے ہمراہ شردہا کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ فلم باغی 2 میں دیشا پٹانی مرکزی اداکارہ کے روپ میں نظر آئیں۔ ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی صرف ساتھی اداکار ہی نہیں ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی ہیں، جن کے افیئر کی خبریں میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔