اپنے تیس سالہ فلمی کیریئر کے دوران انہوں نے بالی ووڈ فلموں کیلئے کئی یادگار گیت تخلیق کئے
لاہور (دنیا نیوز ) سیکڑوں گیتوں کو لفظوں کی مالا میں پرونے والے بالی وڈ گیت نگار آنند بخشی کو مداحوں سے بچھڑے آج سولہ سال ہوگئے۔ آنند بخشی نے اپنے کیریئر کے دوران ان گنت فلموں کیلئے لازوال اور یادگار گیت تخلیق کئے۔ ان کی بالی ووڈ میں کامیابی کی بڑی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے محبت اور رومان کے جذبے کو کمال خوبصورتی سے اپنی شاعری میں سمو کر سکرین پر پیش کیا ، سمیتا پاٹیل سے لے کر ایشوریہ رائے تک ہر نامور اداکارہ پر ان کے لکھے ہوئے گیت عکسبند کئے گئے۔
آنند بخشی کے لکھے ہوئے مشہور گیتوں میں ہم کو ہمیں سے چرا لو ، تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم ، ہم نے صنم کو خط لکھا ، سولہ برس کی بالی عمر کو سلام، جانے کیوں لوگ محبت کیا کرتے ہیںِ، جادو تیری نظر ، کسی روز تم سے ملاقات ہوگی ، میرے نیناں ساون بھادوں ، آدمی مسافر ہے آتا ہے جاتا ہے جیسے سپر ہٹ گیت شامل ہیں۔ ان کے گیتوں کو کشور کمار ، لتا منگیشکر ، ادت نارائن ، کمار سانو ، محمد رفیع نے اپنی خوبصورت آوازوں سے یادگار بنا دیا ۔
آنند بخشی مختصر علالت کے بعد 30 مارچ 2002 ء کو اس دنیا سے کوچ کر گئے تھے، مگر آج بھی ان کے خوبصورت گیت سننے والوں کے کانوں میں رس گھولتے ہیں۔