لاہور: (دنیا نیوز) سکینڈل کوئین کے نام سے مشہور اور اپنی منفرد انگریزی کی وجہ سے مقبول اداکارہ میرا نے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور میں اپنے چاہنے والوں کو چھوڑ کر جارہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چھوڑنے کی وجوہات نہیں بتا سکتی اور شادی کے حوالے سے بھی کوئی بیان نہیں دنیا چاہتی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا مستقل امریکہ جانے کا فیصلہ آخری ہے۔ ٹویٹ کے ذریعے پاکستان چھوڑنے کی وجہ بتاؤں گی۔
واضح رہے کہ اپنی گلابی انگریزی کی وجہ سے خبروں میں اِن رہنے والی میرا کو نکاح پر نکاح کیس کا بھی سامنا ہے۔ یاد رہے کہ فیملی کورٹ میں اداکارہ میرا کے خلاف تکذیب نکاح کیس میں نکاح خواں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ادکارہ میرا کا نکاح حقائق پر مبنی ہے۔ میرا اور عتیق الرحمٰن کا نکاح گواہان کی موجودگی میں پڑھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا کا نکاح اسلامی شریعت کے مطابق پڑھایا، عدالت میں جمع کروایا گیا نکاح نامہ بھی اصلی ہے۔