لاہور: (روزنامہ دنیا) پاک فضائیہ سے متعلق بنائی جانیوالی فلم"پرواز ہے جنون" کے ان دنوں خوب چرچے ہیں۔ فلم کے فنکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانیوالی ایک تصویر میں موجود غلطی نے دلچسپ بحث چھیڑ دی۔
ہانیہ عامر نے اپنے انسٹا گرام پیج پرایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ، حمزہ اور احد پاک فضائیہ کے یونیفارم پہنے کھڑے ہیں ۔تصویرتو بلاشبہ اچھی ہے لیکن بھلا ہوسوشل میڈیاصارفین کا جنہوں نے ایک غلطی پکڑلی اورفلم سے متعلقہ افراد کو اپنے دلچسپ تبصروں سے خوب ہی اس بات کا احساس دلایا۔
ہانیہ نے جو تصویر شیئر کی اس میں حمزہ علی عباسی کے یونیفارم پرحمزہ کا بیج ہی لگاہے اوراحد رضا میرعادل کے روپ میں ہیں، لیکن اصل مسئلہ ہانیہ کے نام کا ہے جن کے یونیفارم پر جنید نام کا ٹیگ لگا ہے۔
اداکارہ نے خود تو شاید جوش میں اس بات کو محسوس نہیں کیا اور تصویر شیئر کردی لیکن صارفین نے یہ کام بخوبی کیا۔