ممبئی: (دنیا نیوز) بالی وڈ ہیروئن پریانکا چوپڑا نےانتہا پسندوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔ امریکی ڈرامہ میں بھارت کا اصل چہرہ دکھانے پر دھمکیاں ملیں تو یوٹرن لے لیا۔
امریکی ڈرامے میں بھارت کا اصل چہرہ دکھانا پریانکا چوپڑا کو مہنگا پڑ گیا۔ بھارتی انتہا پسند آئینہ دیکھ کر برا مانے تو اداکارہ کو دھمکیاں دینا شرو ع کردیں۔بھارتی انتہا پسندوں کے سینوں میں بھڑکی آگ بجھانے کے لیے پریانکا نے ٹویٹر کا سہارا لیا اور انتہا پسندی کے ایندھن پر معافی کا پانی ڈال کر جان چھڑائی۔پریانکا چوپڑا نے ایک ٹویٹ میں خود کو "بافخر بھارتی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر بہت دکھ ہے کہ اس شو کی وجہ سے لوگوں کی دل آزاری ہوئی۔
واضح رہے کہ امریکی ٹیلی وژن سیریز کوانٹیکو کی ایک قسط میں ہندو قوم پرستوں کودہشت گرد قرار دیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ کیسے بھارتی انتہا پسند دہشت گردی کر کے الزام پاکستان پر لگاتے ہیں۔ "بلڈ آف رومیو" کے عنوان سے یکم جون کو نشر ہونے والے ڈرامہ میں دکھائے گئے حقائق پر یقین کرنے کے بجائے بھارتی شائقین نے "انڈیا کی توہین" قرار دیا تھا۔