لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکارہ سارہ رضا خان نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں کی کامیابی کیلیے سب سے پہلے میوزک کے شعبے کوبہتر بنانے کی ضرورت ہوگی۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کی فلم انڈسٹری آج دنیا کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہے۔ جس میں بہت بڑا کردارمیوزک کے شعبے کا ہے۔ سارہ خان نے کہا کہ فلم کی ریلیز سے پہلے میوزک کچھ اس طرح سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بناتا ہے کہ پھرہرکوئی سینما گھر کا رخ کرتا ہے۔ دوسری جانب انٹرنیٹ کے دورکے باوجود بھارت میں میوزک کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور آئے دن کسی نہ کسی معروف اورنوجوان سنگرکے گیت سننے کوملتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں میوزک کاشعبہ انتہائی مایوسی کا شکار ہو چکا ہے۔
گلوکارہ نے کہا کہ میوزک سے وابستہ لوگوں کی اکثریت شدید مالی بحران سے دوچار ہے۔ ایسے میں اچھا میوزک کیسے بن سکتا ہے۔ اس سلسلے میں جہاں حکومت کواپنا کردار کرنے کی ضرورت ہے، وہیں نوجوان فلم میکرز کو بھی ان سازندوں، موسیقاروں کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں جوفلم کے میوزک اوراس کے مزاج کوسمجھتے ہیں۔
سارہ خان نے بتایا کہ پلے بیک سنگنگ کیلئے ایک خاص انداز کی آوازیں ضروری ہوتی ہیں، جب تک اس طرح کی آوازوں کو تلاش نہیں کیاجاتا، اس وقت فلم کے میوزک میں کامیابی نہیں مل سکتی۔ اس لیے ضروری ہے کہ فلم اورسینما کے ساتھ میوزک کے شعبے کوبہتربنانے کیلیے مل کرکام کیا جائے ۔ میوزک کامیاب ہوگا توفلم کی کامیابی ریلیز سے پہلے ہی ممکن ہوجائے گی۔