بی جی پر مقدمہ، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کا سخت نوٹس

Last Updated On 30 September,2018 08:03 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) معروف ڈریس ڈیزائنر بی جی پر مقدمہ درج ہونے کا صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے سختی سے نوٹس لے لیا۔

فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ بی جی ہمارے ملک کا اثاثہ اور فخر پاکستان ہیں۔ انہوں نے ڈریس ڈیزائننگ کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا واقعے میں پولیس قصور وار ثابت ہوئی تو سخت کارروائی کرینگے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈریس ڈیزائنر بی جی کی رہائشگاہ گلبرگ لاہور میں مجلس عزا جاری تھی کہ علاقہ پولیس نے مجلس کا وقت بڑھنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں ڈریس ڈیزائنر کیخلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

بی جی نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سال ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے مجلس کا انعقاد کرتی ہیں، پولیس نے بے بنیاد الزامات لگا کر مقدمہ درج کیا جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فیاض الحسن چوہان نے فوری ایکشن لیا اور ڈریس ڈیزائنر کے گھر جاپہنچے۔ بی جی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا ہمیں مذہبی معاملات میں سوچ سمجھ کر کام لینا چاہیے۔

بی جی کا کہنا تھا حکومت انصاف یقینی بنائے گی، وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کا میرے گھر چل کر آنا اس بات کا عکاس ہے کہ وہ کلچر سے منسلک لوگوں کے دکھ درد سے جڑے ہیں۔ 

Advertisement