معروف گلوکار اور اداکار فخر عالم دنیا کا سفر کرنے کے لیے تیار

Last Updated On 01 October,2018 09:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار فخر عالم کئی مرتبہ خود جہاز اڑانے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں اور اب وہ اس خواہش کو پورا بھی کرنے جارہے ہیں۔

دو ہزار پندرہ میں سب سے پہلے انہوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ خود جہاز ارا کر پوری دنیا کا سفر کرنا چاہتے ہیں ۔جس کے پورا ہونے کا وقت اب قریب کا آچکا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فخر عالم کا کہنا تھا کہ تین سال قبل مجھے امریکا میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس ملا تھا، مجھے امید تھی کہ میں دنیا بھر کا سفر کروں گا اور پہلا پاکستانی ہوں گا جو خود جہاز اڑا کر پوری دنیا کا سفر کرے۔

فخر عالم نے مزید کہا کہ میں نے پہلی بار جب یہ اعلان کیا تھا تو میرے پاس جہاز اڑانے کا صرف چالیس گھنٹوں کا تجربہ تھا، مجھے بعد میں پتا چلا کہ یہ کتنا مشکل کام ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس ایڈونچر کے لیے کافی تیاری کررکھی ہے، جبکہ حفاظتی اقدامات پر بھی غور کیا ہے۔


گلوکار نے کہا کہ میں نے اٹھائیس دنوں میں دنیا بھر میں گھومنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس منصوبے کا نام ’مشن پرواز‘ رکھا گیا ہے، اس سفر کے دوران میں دنیا بھر کے تیس ایئرپورٹس سے جہاز اڑاؤں گا۔

واضح رہے کہ انتیس اکتوبر دو ہزار پندرہ کو معروف پاکستانی گلوکار فخر عالم نے خود طیارہ اڑا کر دنیا کے گرد چکر لگانے کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر فخر عالم کا کہنا تھا کہ سفر کا مقصد پاکستان کا نام روشن کرنا اور پاکستانیوں کا پیغام دنیا بھر میں پہچانا ہے۔