سنگل ماؤں سے شادی کے خواہشمند فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، حدیقہ کیانی

Last Updated On 03 October,2018 04:59 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) گلوکارہ حدیقہ کیانی کاکہنا ہے کہ جھوٹا پیار اوردکھاوا کرکے خواتین کے ساتھ تعلقات بنانے کی کوشش کرنا بند کریں۔

گلوکارہ حدیقہ کیانی نے شادی کی پیشکش کرنے والے مردوں کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ سنگل ماؤں، بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کو شرمندہ کرنا بند کیا جائے۔


انہوں نے سوشل میڈیا پر شادی کی پیشکش کرنے والے مردوں کے پیغامات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا یہ سمجھتی ہے کہ مجھ جیسی سنگل مائیں جو اپنے بچے کو اکیلے پال رہی ہیں، ہم شادی کے لیے بہت بے چین ہیں اور ایک سنگل ماں بچے کو اکیلے نہیں پال سکتی لہٰذا ہمیں شادی کرلینی چاہیے لیکن میرے نزدیک کسی بچے کو گود لے کر اسے پالنا مشکل کام نہیں بلکہ یہ میرے لیے اعزاز ہے۔


حدیقہ کیانی نے کہا کہ جو مرد مجھ جیسی سنگل ماؤں سے شادی کرنا چاہتے ہیں وہ دراصل اندر سے بہت بُرے ہوتے ہیں اور ہمارا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ حدیقہ کیانی نے آج سے 13 سال قبل ایک بچہ گود لیا تھا اور اس کی پرورش وہ اکیلے ہی کرتی ہیں۔