بیٹیوں کو ان کے خواب پورے کرنے کا موقع دیں، پریانکا کی والدین سے اپیل

Last Updated On 12 October,2018 06:24 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر اداکارہ پریانکا چوپڑا نے لڑکیوں کو خودمختار بنانے کے عزم کا اظہار کرنے کے لیے ایک ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی ہے۔

ویڈیو میں اداکارہ نے  کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بچپن ہی سے لڑکیوں پر مختلف پابندیاں عائد کردی جاتی ہیں جیسے زیادہ اچھل کود نہ کرو، تیز آواز میں نہیں بولو، پڑھائی میں کیارکھا ہے، گھر ہی تو سنبھالنا ہے وغیرہ تو اس صورتحال میں لڑکیاں کریں تو کیاکریں۔ اس کا جواب بھی انہوں نے خود ہی دیتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں صرف اپنے دل کی سنیں گی اور وہ سب کریں گی جو وہ کرناچاہتی ہیں۔

پریانکا نے یہ ویڈیو بھارت میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے رائج فرسودہ سوچ اور انہیں آگے بڑھنے سے روکنے کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے بنائی ہے۔ ویڈیوکے آخر میں پریانکا نے تمام والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ لڑکیوں کو ان کے خواب پورا کرنے کا موقع دیں تاکہ ان کا آنے والا کل بہتر ہو۔