ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی رواں سال جون میں منگنی کی خبریں گردش میں ہیں، رنبیر کی والدہ نیتو کپور کی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا جلد سے جلد شادی کا سہرا سر پر سجا لے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کا یہ نیا جوڑا رواں سال جون میں ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنا کر ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کا ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق رنبیرکی والدہ نیتو کپور چاہتی ہیں کہ ان کا بیٹا جلد شادی کر لے۔
اداکار رنبیرکپور اپنی والدہ سے بہت محبت کرتے ہیں لہٰذا یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید نیتو بیٹے رنبیر کو شادی سے پہلے روایتی رسم ’روکے‘ کے لیے منانے میں کامیاب ہو جائیں۔ کچھ عرصہ قبل دونوں سٹارز کی ایک دوسرے کی محبت میں کھو جانے کی سوشل میڈیا پر خوب دھوم تھی تاہم دونوں اس تعلق کی میڈیا کے سامنے تصدیق کرنے سے کترا رہے تھے۔ عالیہ کے والد اور ہدایت کار مہیش بھٹ نے ایک انٹرویو میں اداکار رنبیر کپور کا بیٹی سے محبت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں۔
عالیہ بھٹ کی کپور فیملی سے قربت کچھ زیادہ بڑھ گئی ہے، انہوں نے نئے سال کی خوشیاں بھی نیویارک میں رنبیر کے گھر والوں کے ساتھ منائی تھیں جس کی تصویر بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی تھی۔