ممبئی: (روزنامہ دنیا) منابھائی ایم بی بی ایس، پی کے اور سنجو جیسی کامیاب فلمیں بنانے والے بالی وڈ کے صف اول ہدایت کار راج کمار ہیرانی بھی جنسی ہراسانی کی زد میں آ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک خاتون اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے راجکمار ہیرانی پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیرانی نے انہیں فلم ’’سنجو‘‘ کی تیاری کے دوران تقریباً 6 ماہ تک ایک سے زائد بار جنسی طور پر ہراساں کیا۔
خاتون اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ہیرانی کی گھناونی حرکت کے باوجود فلم میں کام کرنا انکی مجبوری تھی کیونکہ بیمار والد اور گھریلو حالات کی تمام تر ذمہ داری انہیں اٹھانا پڑ رہی تھی۔
بالی وڈ ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے اپنے وکیل آنند دیسائی کے ذریعے خاتون اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی تردید کی ہے اور تمام ہراسگی الزامات بے بنیاد، غلط اور جھوٹے قرار دیئے ہیں۔