ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکار سلمان خان ارجن کپور سے اپنی بھابی ملائیکہ اروڑا سے تعلقات استوار کرنے کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی بہن ارپیتا خان سے تعلقات ختم کرنے کی وجہ سے ناراض ہیں۔
بھارتی میڈیا میں آج کل ارجن کپور اور ملائیکہ اروڑا کی شادی کی خبریں گردش کر رہی ہیں وہیں گزشتہ روز ایک اور انکشاف کیا گیا ہے کہ ارجن کپور نے سلمان خان کی بہن ارپیتا خان سے تعلقات ختم کر کے ان کی سابق بھابھی سے تعلقات استوار کر لئے تھے، ارجن کپور کے اسی عمل کی وجہ سے سلمان خان غصے میں آ گئے۔
ارجن کپور اور ارپیتا خان کے درمیان 2008 اور 2009 میں تعلقات کی چہ مگوئیاں ہوتی رہی ہیں تاہم اب ارپیتا خان بھی شادی شدہ ہیں، انہوں نے 2014 میں آیوش شرما سے شادی کی۔ انڈیا ٹوڈے نے اگست 2018 میں اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ ارجن کپور نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی پہلی محبت سلمان خان کی بہن ارپیتا خان تھی۔