مزاحیہ اداکار ننھا کی 33ویں برسی اتوار کو منائی جائیگی

Last Updated On 03 June,2019 11:40 am

لاہور: (ویب ڈیسک) فلم انڈسٹری کے مزاحیہ اداکاررفیع خاور عرف ننھا کو مداحوں سے بچھڑے 33 برس بیت گئے ان کی 33ویں برسی اتوار کو منائی جائے گی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اداکار رفیع خاور کا 2 جون 1986 کو خود کشی کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا۔ دو عشروں تک لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ملک کے ممتاز کامیڈین رفیع خاورعرف ننھا نے پی ٹی وی کے معروف ڈرامے ” الف نون “ سے شہرت حاصل کی انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1966ء میں فلم ” وطن کا سپاہی “ سے کیا۔

معروف پاکستانی فلم ” دبئی چلو “ نے ننھا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا، ان کی دیگر یادگار فلموں میں سوہرا تے جوائی، سالا صاحب، نوکر تے مالک، نمک حلال، تیری میری اک مرضی، مہندی اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

فلم سالا صاحب لاہور میں 300 ہفتے تک زیر نمائش رہی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ رفیع خاور ننھا اور رنگیلا کی فلمی جوڑی کو شائقین نے بے پناہ پزیرائی بخشی جبکہ فلمی ہیروئین میں ممتاز، انجمن، مسرت شاہین، رانی، دردانہ رحمان اور نازلی پسند کی جاتی تھیں۔