نئی دہلی: (ویب ڈیسک) لوک سبھا انتخابات میں کئی شوبز ستاروں نے بی جے پی کے پلیٹ فارم سے کامیابی حاصل کی ہے تاہم کچھ لوگ کابینہ میں شامل ہو سکے تاہم متعدد نئی کابینہ میں جگہ نہ بنا سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو شکست دینے والی اداکارہ سمرتی ایرانی بھی شامل ہیں ، وہ مودی کی گزشتہ حکومت میں بھی کابینہ کی اہم ترین رکن تھیں۔ سابق کرکٹر گوتم گمبھیر فتح کے باوجود کابینہ میں شامل نہ ہو سکے۔
بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے متھرا سے مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی ہے لیکن وہ بھی کابینہ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں، ان کے سوتیلے بیٹے سنی دیول نے گورداس پور سے کامیابی حاصل کی لیکن وہ بھی مودی کے قریبی ساتھیوں میں شامل نہیں ہوسکے۔
بالی ووڈ اداکارہ کرن کھیر دوسری بار لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئی ہیں انہیں بھی کابینہ میں جگہ نہیں ملی۔ گلوکار ہنس راج ہنس نے دلی سے کامیابی حاصل کی مگر وزارت سے محروم رہ گئے، بھوجپوری فلموں کے سٹار روی کشن نے گورکھپور کے حلقے سے ریکارڈ کامیابی حاصل کی لیکن وہ بھی کابینہ میں شامل نہ ہو سکے۔