نریندرا مودی نے مسلسل دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا

Last Updated On 31 May,2019 10:24 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی الیکشن میں فتح کے بعد نریندرا مودی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا۔

نئی دہلی کے ایوان صدر میں نئی حکومت نے حلف اٹھالیا، وزیراعظم نریندرا مودی سے بھارتی صدر رام ناتھ کوبند نے حلف لیا۔ اس تقریب میں 8 ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن میں ملکی اہم شخصیات کے علاوہ بنگلہ دیش، نیپال، بھوٹان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کی سرکردہ شخصیات بھی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندرا مودی جب پہلی بار وزیراعظم بنے تو انہوں نے اپنی تقریب میں اس کے وقت پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو مدعو کیا تھا تاہم اس بار انہوں نے موجودہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو مدعو نہیں کیا۔

 

وزیراعظم مودی کی کابینہ میں راج ناتھ سنگھ، نیتن گدکڑی، امیت شاہ، ہردیپ سنگھ پوری، دیوی سدانندا گودا، نرملا سیتا رام، رام ولاس پاسوان، سمرتی ایرانی اور مختار عباس نقوی سمیت 24 وزرا شامل ہیں۔ مودی کی نئی کابینہ میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے اہم رہنما شامل نہیں۔ ارون جیٹلی نے اپنی ناساز طبیعت کے باعث عہدہ لینے سے معذرت کر لی تھی۔

یاد رہے کہ بھارتی تاریخ میں پہلی مرتبہ کانگریس کے علاوہ کسی جماعت نے لگاتار دوسری مرتبہ حکومت بنائی ہے۔