نئی دہلی: (ویب ڈیسک) تنو شری دتہ کی جانب سے نانا پاٹیکر کیخلاف جنسی ہراسگی کیس بند کر دیا، کیس میں اداکار کو کلین چٹ دیدی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ تنوشری دتہ نے ستمبر 2018ء میں نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسگی کا الزام لگایا تھا، اداکارہ کا کہنا تھا کہ 2008 میں فلم ‘ہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران سینئر اداکار نانا پاٹیکر اور فلم کے عملے نے برا سلوک کیا جبکہ اداکار نے فلم کے گانے ’نتھنی اتارو‘ میں نازیبا منظر شوٹ کرانا چاہتے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس کو تفتیش کے دوران اداکارہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے منظم ثبوت نہیں ملے جس پر پولیس نے نانا پاٹیکر کے خلاف درج کیا گیا مقدمہ خارج کردیا۔ پولیس کی جانب سے کیس کے حوالے سے زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی۔
اس سے قبل اداکارہ تنو شری دتہ بھی کہہ چکی تھی کہ پولیس نانا پاٹیکر کو کلین چٹ دے دے گی کیونکہ پولیس ثبوت کو مٹانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور گواہوں کو دھمکایا جا رہا ہے میرے بیانات کو بھی درست انداز میں ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ تنوشری دتہ نے 2003 میں مقابلہ حسن ‘مس فیمینا انڈیا’ جیتا تھا، تنوشری دتہ نے ڈیڑھ درجن کے قریب فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، جب کہ وہ چند گانوں اور ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوئی ہیں۔