لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکار عدنان سمیع اور زیبا بختیار کے بیٹے اذان کا کہنا ہے کہ بھارت کی بجائے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دوں گا، یہی میرا گھر ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اذان سمیع کا کہنا تھا کہ میرے والد نے ہندوستان میں رہنا کا فیصلہ کیا اور میں فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔ میرے والد کی طرح میرے پاس بھی اختیار تھا کہ میں وہاں جا کر اپنا کیریئر شروع کروں یا پاکستان میں رہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے ملک میں رہنے کو ترجیح دی۔ پاکستان میرا گھر ہے اور میری والدہ محب وطن خاتون ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان فلم انڈسٹری کو بھی میں اپنے گھر کی طرح مانتا ہوں اس لیے میں نے پاکستان میں رہنے اور یہاں کام کرنے کو ترجیح دی۔
اذان نے والدین کے درمیان تعلقات کے بارے میں کہا کہ ہم دونوں کا رشتہ بہت عجیب ہے میں ان سے اور انکے کام سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں ان کا بیٹا ہوں لہذٰا میرا حق نہیں ہے کہ میں ان پر یا ان کے کسی فیصلے پر تبصرہ کروں۔ لیکن میری زندگی میں ایک بات بہت واضح ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور پاکستان میں کام کرنا چاہتا ہوں۔