کرتار پور راہداری کھولنے پر بھارتی اداکارہ پاکستان کی مشکور

Last Updated On 20 November,2019 05:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی طرف سے بھارتی سکھ زائرین کے لیے کرتار پور راہداری کے کھولنے کے بعد دنیا بھر کے سکھ برادری خوشی سے نہال ہے، چند روز قبل سنی دیول نے کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور واپس ہندوستان جا کر امن کی پاکستانی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

اب ایک اور خبر آئی ہے جس میں پونم کور نے کرتار پور راہداری پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے اور بھارتی اداکارہ نے کرتارپور راہداری کھولے جانے پر وزیر اعظم کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ اس راستے سے سکھ برادری کے لوگ اپنے روحانی پیشوا کی زیارت کرنے آئیں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان کا دورہ کرنے والی سکھ اداکارہ پونم کور نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کے دوران کرتارپور راہداری کھولے جانے پر پاکستانی قدم کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں: کرتار پور راہداری پاکستان اور بھارت میں امن لا سکتی ہے: سنی دیول

ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ راہداری کھولے جانے سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور اس قدم سے سب سےزیادہ سکھ برادری مستفید ہوگی۔ پاکستان سے حسین یادیں لے کر بھارت جا رہی ہوں۔

خیال رہے کہ پونم کور کا تعلق بھی سکھ برادری سے ہے اور وہ تامل، تیلگو اور پنجابی سمیت ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب سے قبل بھارتی اداکار اور بی جے پی کے سیاستدان سنی دیول کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا گھر ہے میں وہاں نہیں جاؤں گا تو کون جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میرا گھر، وہاں نہیں جاؤں گا تو کون جائے گا؟ سنی دیول

افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد جب وہ اپنے ملک واپس گئے تو انہوں نے کہا تھا کہ بابا گرونانک کے گردوارہ جا کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بننے والی کرتار پور راہداری کشیدہ تعلقات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ امن لا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 9 نومبر کو سکھ برادری کے مذہبی پیشوا باباگرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتار پور راہداری کا افتتاح کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

اگرچہ کرتارپور راہداری تقریب میں سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ، سابق کرکٹر نوجوت سدھو اور اداکار سنی دیول سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی تھی اور انہوں نے بھی پاکستانی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا تھا۔<