سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سیالکوٹ میں پیرس روڈ پر دیواروں پر پینٹگ کرنے کے مقابلے میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے 400 سے زائد طلبا و طالبات نے حصہ لیا اور اپنی خوبصورت پینٹگ سے دیواروں کو سجا دیا۔
شہر کو خوبصورت بنانے کا جذبہ لئے ہوئے سیالکوٹ کے طلبا اور طالبات نے پیرس روڈ کی بے رنگ دیواروں پر خوبصورت پینٹگ کر کے اپنی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے، نوجوانوں نے اپنی پینٹگز میں پاکستانی کلچر اور ثقافت کو عمدہ طریقے سے پیش کیا۔ نوجوانوں کے ہاتھوں میں برش اور رنگ آیا تو ایسا لگا کہ جیسے دیواروں نے باتیں کرنا شروع کر دی ہیں، دیواروں پر رنگوں کی بہار اور دلفریب مناظر دیکھ کر دیکھنے والے بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔
طالبات کا کہنا تھا کہ دیواروں پر وال چاکنگ اور اشتہارات کی بھرمار دیکھنے والوں کو ناگوار گزرتی ہے اسی لئے ان دیواروں میں رنگ بکھیر کر شہر کو خوبصورت بنانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ دلفریب شاہکاروں سے بھری پیرس روڈ کی اس دیوار نے سیالکوٹ کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دئیے، آرٹ کمپیٹیشن میں جہاں طلبا اور طالبات نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا وہیں شہر کی دیواریں خوبصورتی کا شاہکار بن گئیں۔