لاہور: (اخلاق باجوہ سے ) پیپلزپارٹی نے پنجاب میں سیاسی خلا کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کی قیادت کو متحرک ہونے کی ہدایات دے دیں، بلاول بھٹو زرداری نئے سال میں پنجاب میں ڈیرے ڈالیں گے۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت کے بیرون ملک جانے اور مریم نواز کی خاموشی سے پنجاب میں اپوزیشن نہ ہونے کے برابر رہ گئی، مسلم لیگ ن کی دوسرے درجے کی قیادت جو یہاں موجود ہے وہ بھی صرف بیانات کی حد تک اپنے وجود کا احساس دلاتی رہتی ہے، اس صورتحال میں پیپلزپارٹی نے بے نظیر بھٹو کی برسی پنجاب میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے لاہور میں کامیاب ورکرز کنونشن کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے دوبارہ عروج کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے لاہور میں مصروف دو دن گزارے۔ انہوں نے مختلف اجلاسوں کی بھی صدارت کی جس میں انہوں نے پارٹی قیادت کو تنظیم سازی جلد مکمل اور نوجوانوں کو پارٹی میں لانے کی حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایات دیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نئے سال میں پنجاب میں پارٹی ورکرز کنونشن اور عوامی اجتماعات سے بھی خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں جہاں حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے وہاں مسلم لیگ ن کے لئے بھی سیاسی خطرے کا باعث ہوں گے۔