کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ ہم عوام کے ساتھ مل کر عوامی حکومت بنا کر رہیں گے۔ لیاقت باغ سے دنیا کو پیغام دیں گے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ ہمیں سلیکٹڈ قبول نہیں، عوام کو طاقت دینا ہوگی۔
کوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ صوبوں کے حقوق چھین رہے ہیں اور اسلام آباد میں بیٹھ کر صوبوں کے وسائل پر ڈاکا ڈالتے ہیں۔ یہ کس قسم کی آزادی ہے سیاست اور میڈیا آزاد نہیں ہے۔ یہاں کلبھوشن یادیو کا انٹرویو چل سکتا ہے لیکن آصف زرداری کا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ کو بٹھا کر اٹھارویں ترامیم پر حملے ہو رہے ہیں۔ یہ وہ جمہوریت نہیں جس کے لیے بھٹو، محترمہ شہید نے شہادت دی۔ ہمیں نظر آ رہا ہے عوام سے طاقت چھین کر سلیکٹڈ کے پاس جا رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شہید بی بی کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے جبکہ ظلم کے باوجود پیپلز پارٹی کی قیادت نے کہا تھا پاکستان کھپے۔
بلاول نے کہا کہ شہید بی بی نے حکومت اور معیشت عوام کی مرضی سے چلائی۔ وہ دو آمروں سے ٹکرائیں اور دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکاریں، لیکن کچھ قوتوں کو عوامی راج قبول نہیں تھا۔
بلاول بھٹو کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ یہ کس قسم کی جمہوریت اور کس قسم کا نظام ہے۔ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم پھر لیاقت باغ راولپننڈی میں جا رہے ہیں، جہاں قائد عوام کو شہید کیا گیا۔ ہم پر جتنا مرضی ظلم کر لیں، برداشت کرنے کو تیار ہیں لیکن مظلوم عوام کے ساتھ ظلم مزید برداشت نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو مشکلات سے نکال کر عوامی مسائل کو حل اور کٹھ پتلیوں کے راج کو ختم کرکے عوامی راج قائم کرنا ہے۔ میرا پیغام گھر، گھر تک پہنچائیں۔ ہم محترمہ شہید کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔