کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ صرف عوام ہیں۔ بنیادی حقوق اور جمہوریت پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔ ہم آخری دم تک لڑیں گے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمران سلیکٹیڈ اور کٹھ پتلی ہیں۔ عوامی حکومت ہوتی تو وہ عوام کے لئے کام کرتے لیکن ان کی جانب سے نیب گردی پر زور دیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک سال میں نااہل حکومت نے عوام کے حقوق پر حملے کئے۔ آج کسان اور مزدور سمیت ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو کوئی سلکٹیڈ قبول نہیں ہے۔ ہم نے سلیکٹیڈ حکومت کو واضع پیغام دینا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔ ہم عوامی راج کے لئے آخری دم تک لڑنے کے لئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، اس جمہوریت کے لئے بینظیر اور اس کے ورکروں کے قربانی دی تھی لیکن آج نظر آ رہا ہے کہ اس پر حملہ ہو رہا ہے۔ اس سال بینظیر شہید کی برسی کو اس جگہ منایا جائے گا جہاں بینظیر کا آخری جلسہ تھا۔ ہم لیاقت باغ میں کھڑے ہوکر بینظیر کا پیغام پاکستان کے نوجوانوں اور غریبوں تک پہنچائیں گے۔