اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں کوئی بات سننے کو تیار نہیں، دوسروں کو چور ڈاکو کہنے سے مسائل حل نہیں ہونگے، پاکستان میں ہر جگہ بنیادی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی انسانی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ اگر ریاست پاکستان خود انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی پر عمل نہیں کرے گی تو خود کشمیر کاز کو نقصان پہنچائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ طلبہ یونینز کو ان کے حقوق دلوائیں گے۔ ہم نے آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر کرنا ہے۔ اگر ہم بنیادی حقوق پر سمجھوتہ کریں گے تو پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ پیپلز پارٹی آج بھی جمہوری حقوق کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم ہمیشہ انسانی حقوق کی بات کی۔ ہم سب کو مل کر ان ساری قوتوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہوں گی۔ ہم چاہتے ہیں کسان، مزدور اور خواتینوں کو ان کا حق ملیں۔ 2018ء میں بھی ہم شفاف احتساب نہیں کرا سکے۔ یہ کیسا نظام ہے، جو بھی الیکشن ہوتا ہے اس پر دھاندلی کا الزام لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کا بنیادی حق ہے لیکن موجودہ حکومت نے آزادی اظہار رائے پر قدغن لگا دیا ہے۔ پارلیمنٹ میں صرف چور اور ڈاکو کہیں گے تو عوام کے مسائل کب حل کریں گے۔