آرمی ایکٹ میں ترمیم سے قبل نیا وزیراعظم آئے گا، بلاول بھٹو زرداری

Last Updated On 02 December,2019 09:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن سے متعلق آئینی ترمیم سے قبل نیا وزیراعظم آئے گا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

پمز ہسپتال کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ڈاکٹرز نے آصف زرداری میں متعدد بیماریوں کی نشاندہی کی تاہم سابق صدر نے ضمانت کی درخواست دینے سے روکا تھا۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ ان کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو نے اپنے والد آصف زرداری کو درخواست ضمانت کیلئے آمادہ کر لیا ہے۔ اب ہم عدالت میں طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس موقع پر اپنی پارٹی کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نظریے سے نہیں ہٹیں گے۔ 27 دسمبر کو لیاقت باغ میں جلسہ کریں گے اور شہید بے نظیر کی برسی منائیں گے۔


ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی کا رول مثبت ہوگا۔ ہم وزیراعظم سے کوئی امید نہیں رکھ سکتے۔ ان کے کردار کی وجہ سے تمام اداروں پر منفی اثر پڑا۔ وہ صرف تحریک انصاف کے لیڈر ہیں اس ملک کے نہیں۔

انہوں نے کہا فارن فنڈنگ کا کیس تحریک انصاف کے خلاف ہے، افسوس اس کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں آیا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹا کیس بنایا گیا، ہم اپنی جماعت کی فنڈنگ کے حوالے سے کچھ نہیں چھپایا۔

بلاول بھٹو نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی سب کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے ممبران کے تین ناموں پر اتفاق کیا تھا، وہی نام شہباز شریف نے وزیراعظم کو بھیجے ہیں۔