اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کو بھی نیب کی طرف سے بلاوا آ گیا، انہیں 24 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو کو جعلی اکاوئنٹس کیس میں نیب نے طلب کرلیا، انہیں نیب راولپنڈی نے 24 دسمبر کو بلایا ہے، ان کی کی طلبی کا سمن جاری کر دیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو کو اوپل جوائنٹ ونچر کی تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا ہے، انہیں شیئر ہولڈر زرداری گروپ آف کمپنی طلب کیا گیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کا نوٹس موصول ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس بھری عدالت میں کہہ چکے کہ بلاول بے قصور ہیں، نوٹس ہراساں کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت مخالفین کو نیب کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ نیب بتائے کہ اس نے حکومتی ارکان اور وزرا کو کتنے نوٹسز دئیے؟ نیب بتائے کہ حکومتی اراکین اور وزرا کے خلاف کرپشن کیسز کیوں زیر التوا ہیں؟ نیب صرف اپوزیشن کے اراکین کو نشانہ بنا رہی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیر بخاری نے کہا ہے کہ بلاول کی جرات مندی نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ نیب سرکاری ادارے کی بجائے پی ٹی آئی کی ذیلی تنظیم بن چکا ہے۔ حکومتی پارٹی اور وزراء کے کیسز دبائے جا رہے ہیں۔
نیر بخاری نے کہا ہے کہ نئے پیپلز پارٹی قیادت کے خلاف مقدمات حکمران خاندان اور کابینہ قانون سے بالاتر ہیں۔ عمران خان مت بھولیں بھٹو کو آمر نہ جھکا سکے تو نوٹسز سے کیا ڈریں گے۔