بھارتی اداکارہ زرین خان سوات آنے کی خواہشمند

Last Updated On 08 June,2020 10:10 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی اداکارہ زرین خان کا کہنا کہ بہت خواہش ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقے کی وادی سوات میں جاؤں، جہاں سے میرے نانا کا تعلق ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے نانا سوات سے ہیں اور وہ آزادی سے پہلے ہی بھارت آ گئے تھے۔ وہ مجھے سوات علاقے کے بارے میں بتاتے رہتے تھے۔ میں نے ان کی پرانی تصاویر دیکھیں تو معلوم ہوا کہ وہ بہت خوبصورت جگہ ہے لیکن ابھی حالات ایسے نہیں کہ میں وہاں جا سکوں۔

زرین خان کا کہنا ہے کہ ان کی دعا ہے کہ پاک بھارت رشتے ٹھیک ہو جائیں اور وہ اپنے نانا کے علاقے سوات کا دورہ کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی مادری زبان کو زندہ رکھنا اگرچہ ضروری ہے لیکن وہ پشتو کہ چند الفاظ ہی بول پاتی ہیں۔ جب میری نانی زندہ تھی تو گھر میں کافی پشتو بولی جاتی تھی۔ امی، خالائیں اور نانا نانی آپس میں پشتو میں بات کرتے تھے لیکن میں نے پشتو نہیں سیکھی

زرین خان نے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں پاکستان میں اپنے پشتون مداحوں سے کہوں گی“پخیر راغلے“۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران نے انہوں نے ایسے سارے کام کیے جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیے تھے۔ میں نے اس دوران کھانا پکانے سے لے کر گھر کی صفائی تک سارے کام کیے۔ اور معلوم ہوا کہ یہ سب کرنا کتنا مشکل ہے

زرین خان نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کا شوق بالکل نہیں تھا اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ فلم انڈسڑی کا حصہ بنیں گی لیکن شاید قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ اس کے لیے ہمیشہ سلمان خان کی شکر گزار رہوں گی کہ ان کی وجہ سے میں فلم انڈسٹری میں آئی۔ میں ایک فین کی طرح ملی تھی۔ اور اسی دن مجھے اچانک پتہ چلا کہ وہ مجھے اپنی فلم  ویر  کے لیے کاسٹ کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کافی لڑکیوں کو اس فلم کے لیے آڈیشن کیا تھا لیکن کوئی بھی انہیں پسند نہیں آیا تھا۔ لہٰذا وہ فلم مجھے مل گئی۔

واضح رہے کہ ابتدا میں زرین خان کو قطرینہ کیف کا ہم شکل کہا گیا۔ بالی ووڈ میں اپنے دس سالہ فلمی کیریئر میں اگرچہ زرین خان نے چند ہی فلمیں کی ہیں، لیکن ان فلموں کے ذریعے وہ اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہی ہیں اور متعدد ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔

ان کی مقبول ترین فلموں میں  ہیٹ سٹوری تھری ، ریڈی، ہاؤس فل 2 اور جٹ جیمز بانڈ شامل ہیں۔ ان کی آنے والی فلموں میں “ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے“ شامل ہے۔۔ اس فلم میں انہوں نے ایک ہم جنس پرست لڑکی کا کردار نبھایا ہے۔