نیو یارک: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کیلی پریسٹن کینسر کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں۔ ان کی عمر 57 برس تھی۔
تفصیلات کے مطابق کیلی پرسٹن گزشتہ 2 سال سے بریسٹ کینسر سے جنگ لڑی رہی تھیں، وہ 2018 میں اپنی آخری فلم گوٹی کی ریلیز سے قبل ہی موذی مرض کا شکار ہوگئی تھیں۔
گزشتہ 2 سال سے وہ زیر علاج تھیں اور بظاہر ان کی حالت بہتر تھی، تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ 12 جولائی کو موذی مرض کا شکار بن کر زندگی کی بازی ہار گئیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ کے شوہر جان ٹراولٹا نے انسٹا گرام پر پیغام میں لکھا کہ میری خوبصورت بیوی کیلی، اتنے سارے لوگوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کی مدد سے، نے دو سال تک چھاتی کے سرطان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن انھیں آخر کار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: کینسر میں مبتلا بالی ووڈ اداکارہ دویا چوکسے کا انتقال
ٹراولٹا اور پریسٹن کی جوڑی 29 سال سے قائم تھی۔ پریسٹن کی مشہور فلموں میں ’ٹوونز‘، ’فرام ڈسک ٹل ڈان‘، ’جیری مک گوائر‘ اور ’کیٹ ان اے ہیٹ‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے اپنے شوہر کے ساتھ ’بیٹل فیلڈ ارتھ‘ اور ’گاٹی‘ نامی فلموں پر بھی کام کیا۔
سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں ٹراولٹا نے اپنی بیوی کا خیال رکھنے والے طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔ میرے بچے اپنی ماں سے محروم ہو گئے ہیں اور میں ان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ لہٰذا اگر ہم آپ کے پیغامات کا جواب نہ دے سکیں تو اس کے لیے پیشگی معذرت۔
یاد رہے کہ جان اور کیلی کے صاحبزادے جیٹ ٹراولٹا جنوری کا 2009 میں 16 برس کی عمر میں اس وقت انتقال ہوگیا تھا جب ان کا خاندان باہاماز کے جزیرے پر چھٹی منا رہا تھا۔ ان کے علاوہ جوڑے کے دو بچے ہیں: ایلا بلیو اور بینجامن۔
ایلا نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے آپ جتنا بہادر، طاقتور، خوبصورت اور پیار کرنے والا انسان کبھی نہیں دیکھا۔
خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق کیلی کی بیماری کے بارے میں عوام کو اطلاع نہیں تھی اور ان کی موت اتوار کی صبح ہوئی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کافی عرصے سے کینسر کا علاج کروا رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر بھی ہالی وڈ کے کئی بڑے ناموں نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔