جشن آزادی کی آمد، صادق آباد میں مزار قائدؒ اور شاہی قلعہ سمیت فن پاروں کی تیاری

Last Updated On 11 August,2020 11:08 am

صادق آباد: (دنیا نیوز) پورے ملک میں جہاں جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں وہیں صادق آباد میں بھی اس بار 14 اگست کو ایک منفرد انداز سے منایا جائے گا۔

گیلی ریت سے بنے یہ شاہکار کراچی کے ساحل پر نہیں بلکہ صادق آباد میں بنائے جارہے ہیں۔ سینڈ آرٹ کا ماہر احمد حسن اس بار صادق آباد میں جشن آزادی کو ایک منفرد انداز میں منانے کی تیاری کر رہا ہے۔ وطن سے محبت کے اظہارکے لیے اس آرٹسٹ نے اپنے ہاتھوں کی مدد سے قائداعظم کا مجسمہ، مزارقائد، بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ اور بے شمار ایسے فن پارے بنائے جو ہر دیکھنے والے کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔

گیلی ریت کو جب احمد حسن کے ہاتھ چھوتے ہیں تو وہ شاہکار بن جاتا ہے، شہری آرٹسٹ کی انگلیوں کا جادو دیکھ کر داد دیئے بنا نہیں رہ سکتے۔ جشن آزادی کے دن ان فن پاروں کی عام نمائش ہوگی۔ صادق آباد کے عوام اس منفرد انداز اور آرٹسٹ کے بے مثال فن کو اپنے لیے جشن آزادی کا تحفہ سمجھتے ہیں۔