ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا کا دو ہفتوں کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آ گیا جس کے بعد وہ قرنطینہ سے نکل کراپنے گھر والوں میں گھل مل گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے نام ایک پیغام میں خوشخبری سنائی کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں اور کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد اپنے کمرے سے باہر کی دنیا میں واپس آگئی ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ موذی وائرس کو ہرانے پر میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں اور مشکل وقت میں ساتھ دینے والے معالجین، اہل خانہ اور مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتی ہوں۔
واضح رہے ملائکہ نے 7 ستمبر کو سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی تھی جس میں اپنے پرستاروں کو کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دی تھی تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے آپ کو تندرست محسوس کر رہی ہیں۔ اب تندرستی کی اطلاع دیتے ہوئے انہوں نے اپنے مداحوں کو ایک مرتبہ پھر احتیاط کی تاکید کی ہے۔