نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق منشیات کی روک تھام کرنے والے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ریا چکربورتی کو ممبئی سے گرفتار کیا ہے۔اگر عدالت میں کیس ثابت ہوگیا تو وہ کم سے کم دس سال کے لیے جیل جا سکتی ہیں۔
این سی بی کے نائب ڈائریکٹر کے پی ایس ملہوترا نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل ان کے بھائی شووک چکربورتی کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ریا نے تفتیش کے دوران سشانت سنگھ کے لیے منشیات حاصل کرنے اور خود بھی اسے استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
این سی بی نے ریا چکربورتی کے واٹس ایپ پیغامات کی جانچ کی تھی جس سے پتا چلا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات کا انتظام کرتی رہی ہیں۔
ریا سے مسلسل تین دن تفتیش کی گئی جس میں انہوں نے بتایا کہ انھوں نے جو کچھ کیا وہ سشانت کے لیے کیا۔
بعدازاں اداکارہ کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت کی درخواست منسوخ کردی گئی جس کے بعد اداکارہ کو 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ سشانت کے والد نے ریا چکربورتی پر قتل کا الزام عائد کیا تھا۔
جب معاملہ طول پکڑتا گیا تو عدالت عظمٰی نے سشانت سنگھ کی موت کی جانچ انڈیا کے اعلی ترین تفتیشی ادارے سی بی آئی کو سونپ دی۔ اس کیس میں اب تک نو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس سے قبل ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ راجپوت کی بہن پرینکا سنگھ اور دہلی کے آر ایم ایل ہسپتال کے ڈاکٹر ترون اور دیگر کے خلاف ایف آر درج کرائی تھی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ سشانت سنگھ کی بہن نے اپنے بھائی کو ڈاکٹر ترون کا ایک نسخہ بھجوایا تھا جس میں ایسی دوائیں شامل تھیں جو نارکوٹک ڈرگز اور سائکوٹراپک مادوں کے قانون کے تحت محدود پیمانے پر طبی نگہداشت میں دی جاتی ہیں۔
ان کی اس ایف آئی آر کو بھی سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کیس میں پیسے کے خرد برد کا بھی معاملہ ہے اس لیے ڈی آر آئی بھی علیحدہ جانچ کر رہی ہے۔